بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ تھری الائنس کیس کا ایک اور ملزم گرفتار
کوئٹہ (اے پی پی)قومی احتسا ب بیورو بلوچستان نے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ تھری الائنس کیس کے ایک اور ملزم احمد جان کو کوئٹہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم لورالائی کے سینکڑوں لوگوں سے منافع کے جھانسہ پر کروڑوں روپے وصول کر کے روپوش تھا۔ ڈی جی نیب بلوچستان کی ہدایات پر مرکزی ملزم کاشف قمر کی گرفتار ی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ واضح رہے نیب بلوچستان کو بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں۔ جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 3A الائنس نامی کمپنی کے مالک کاشف قمر اور اسکے کاروباری پارٹنرز مختلف اوقات میں کاروبار میں منافع بخش سرمایہ کاری کا جھانسہ دیکر سادہ لوح عوام سے اربوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔ ڈی جی نیب بلوچستان نے کرپٹ عناصر کے خلاف نیب کی بھرپور کوششوں کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی لوٹی گئی رقم کی واپسی اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں ہر صورت لایا جائے گا۔ عوام کے تعاون سے قومی وسائل کی چوری اور عوام الناس سے دھوکہ دہی کے مرتکب کرپٹ مافیا کو معزز عدالت میں اپنے قبیح افعال کا جواب دینا ہوگا۔