ٹرمپ کا الیکشن ہارنے کی صورت میں پرامن اقتدار منتقلی سے انکار
واشنگٹن ( بی بی سی+نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے3 نومبرکو ہونے والی صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں پرامن انداز میں اقتدار کی منتقلی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’خیر ہمیں دیکھنا ہو گا کہ کیا ہوتا ہے، آپ کو اس بارے میں علم ہے۔ ایک مرتبہ پھر پوسٹل بیلٹ پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا صدارتی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش ہو رہی ہے ، فیصلہ سپریم کورٹ میں ہو گا ۔انکے حریف جوبائیڈن نے کہا کرونا کا پھیلائو ٹرمپ کی مجرمانہ غفلت ہے ۔ واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں صرف 41 دن رہ گئے ہیں اور انتخابی پولز میں امریکی صدر اپنے حریف جو بائیڈن کے مقابلے میں پیچھے ہیں۔ اس سوال کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں بہت عرصے سے ووٹوں کے متعلق شکایات کرتا رہا ہوں، اور یہ بیلٹ تباہ کن ہیں۔ جب صحافی نے ضمنی سوال کیا کہ ’لوگ احتجاج کر رہے ہیں‘ تو صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ووٹوں سے جان چھڑائیں، تو اقتدار کی منتقلی نہیں ہو گی بلکہ پرامن طور پر اقتدار کا تسلسل جاری رہے گا۔ 2016 میں بھی صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کی امیدوار ہیلری کلنٹن کے خلاف مقابلے کے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا اور انہیں جمہوریت پر حملہ قرار دیا تھا۔امریکہ میں صدارتی الیکشن کی گہما گہمی عروج پر ہے۔