ابھی ملاقاتوں کا ذکر کیا، ٹیلی فون ڈیٹا آئوٹ کردیا تو قیامت آجائیگی: شیخ رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ابھی تو عسکری قیادت سے ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے، ٹیلی فون ڈیٹا آؤٹ کردیا تو قیامت آجائے گی۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر شیخ رشید نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ پاک فوج کے ترجمان ہیں ’را‘ کے ایجنٹ نہیں۔ نواز شریف نے جو تقریر کی وہ مودی اور جندل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے والی مریم نواز ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے برے دن ہیں، عمران خان کی قیادت میں اس مافیا کو شکست ہوگی۔ آرمی چیف اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس (ڈی جی آئی ایس آئی) سے ملنا اعزا ز کی بات ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’بعض وقت میں باہر انتظار کرتا رہتا ہوں کیونکہ آپ کی ملاقات طویل ہوجاتی ہے‘۔ شیخ رشید نے پھر اعتراف کیا کہ ملک میں مہنگائی ہے، کیسے انکار کروں کہ مہنگائی نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے کہنے کے باوجود ریلوے کے ملازمین کو نہیں نکالا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پہلے بھی نواز شریف کو مروایا اب بھی مروائیں گی، اپوزیشن والے استعفے دیں گے، نہ دھرنا دیں گے، نہ عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ’فوج ڈیموں کی تعمیر، کرونا سے جنگ اور سیلاب میں ساتھ کھڑی ہوتی ہے، مجھے فخر ہے میں پاک فوج کا ترجمان ہوں، یہ تم ہو جو داتا دربار نہیں جاتے، گولڈن ٹیمپل چلے جاتے ہو، چور، ڈاکو جنہوں نے ہمیں لوٹا ہے سب جیل میں ہوں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ جن فلیٹوں سے خطاب کررہے ہیں، یہ لوگوں کا پیسہ ہے۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ چاہیں تو مشرف کا سارا کھاتا بھی آؤٹ کرسکتے ہیں۔ اپوزیشن سینٹ الیکشن سے پہلے دھینگا مشتی چاہتی ہے۔ اپوزیشن جہاں جلسہ کرے گی وہاں میں بھی کروں گا۔