عالمی بنک نے متبادل توانائی منصوبوں کیلئے پاکستان کو 45کروڑ ڈالر کی ،منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) عالمی بنک نے پاکستان کیلئے 45 کروڑ ڈالرز کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امداد خیبرپختونخواہ میں قابل تجدید توانائی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ صوبے میں پن بجلی منصوبوں سے سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی جبکہ رقم سے توانائی شعبے کی پیداواری صلاحیت میں بہتری آئے گی۔ قابل تجدید توانائی منصوبوں سے بجلی پیدا کرنے سے فیول کے درآمدی بل میں بھی کمی آئے گی۔ تفصیل کے مطابق پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مالی معاونت سے پاکستان میں متبادل ذرائع سے توانائی پر انحصار کو فروغ دینے مدد ملے گی۔ یہ معاونت خیبرپی کے ہائیڈرو پاور اینڈ رینیو ایبل انرجی پاور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔ پراجیکٹ کے تحت پانی اور سورج سے حاصل کردہ بجلی کے ذریعے پاکستان کے انرجی مکس میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ سے 2030 تک کم کاربن کے حامل توانائی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ یہ ماحولیاتی حوالے سے بھی مفید منصوبہ ہے۔ منصوبے کے ذریعے خیبر پختونخوا میں متبادل توانائی کی توسیع میں بھی مدد ملے گی۔