• news

وزیراعلیٰ نے نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کی منظوری دیدی

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ نرسوں کے سروس سٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی اصولی منظوری دی۔ اجلاس میں نرسوں کی ترقی کے امور کوسٹریم لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں نرسنگ کے شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے سکالرشپ دینے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ نرسنگ سکولوں کو اپ گریڈ کرکے نرسنگ کالجوں کا درجہ دیا جائے گا اور نرسنگ کالجوں کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے۔ تاکہ نرسوں کی رہائش کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔  نرسوں کو سکالرشپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے اور  نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے اور نرسوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ نرسوں کیلئے جلد بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔  عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات کی ہیں اور 50لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈ مستحق افراد میں تقسیم کرچکے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہونے والے افراد کو آگاہی دینے کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے اور سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب ہیلتھ اینشیٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈکو جلد مکمل کیا جائے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے  ادائیگی میں کٹوتی کرنے والی شوگرملوں کے خلاف سخت سزاؤں کا آرڈیننس جاری کر دیا ہے اور دی شوگر فیکٹریز (کنٹرول) ترمیمی آرڈیننس 2020 کا گزٹ نوٹیفکیشن کا اجراء  کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ ترمیمی آرڈیننس کی شقوں کی خلاف ورزی پر 3 سال تک قید یا 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔ گنے کے کسانوں کو ادائیگیوں کے سلسلے میں اب پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ ہی کاشتکاروں کا کوئی استحصال کرسکے گا۔  عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سیمنٹ فیکٹریز لگانے کیلئے مختلف محکموں کے این او سی کے اجراء کو آسان بنا دیا ہے اور مختلف محکموں میں فیکٹریاں لگانے کیلئے این او سی کے اجراء  کو ٹائم لائن کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ غیر استعمال شدہ مائننگ لیز کے حوالے سے قواعدو ضوابط میں ضروری رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کیلئے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کریں گے۔ این او سی جاری کرنے کے حوالے سے پراسیس کو مزید تیز کیا جائے اور سرمایہ کارو ں کی آسانی کیلئے قواعد و ضوابط کو سہل بنایا جائے۔ کسی بھی محکمے میں این او سی کے اجراء میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ عثمان بزدارنے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی این او سی کے اجراء  کے حوالے سے تمام پراسیس کا جائزہ لے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ صنعت لگے گی تو سرمایہ کاری آئے گی۔ نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔ معیشت مضبوط ہوگی اور کاروبار پھلے پھولے گا۔

ای پیپر-دی نیشن