ظہور الٰہی کی زندگی جدوجہد کرتے گزری‘ مشن آگے بڑھا رہے ہیں: شجاعت‘ پرویز الٰہی
لاہور‘ گجرات (خصوصی نامہ نگار‘ نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے شہید جمہوریت چودھری ظہور الٰہی کی 39ویں برسی پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ان کی یاد ہمیشہ دلوں میں آباد رہے گی۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے برسی میں شرکت کرنیوالے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی شرکت اور چودھری ظہور الٰہی شہید سے محبت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 39 برس پہلے جمعہ کے ہی دن وہ شہید ہوئے لیکن آج بھی لوگ دور دور سے ان کی یاد منانے کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں اور ہمارے خاندان سے اسی طرح محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برسی کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ یا اللہ ہم سے ایسا کام لے جس سے تو راضی ہو جائے اور تیری مخلوق خوش ہو۔ چودھری ظہورالٰہی شہید کی زندگی کا مشن تھا کہ جو بات بھی کریں پہلے اس پر خود عمل کریں، صرف لوگوں کیلئے بات نہ کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید کی ساری زندگی ایک جستجو تھی، جدوجہد کرتے انہوں نے ساری زندگی بسر کی، انہوں نے ختم نبوت سمیت پاکستان کے حق میں ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، 1977ء میں پی این اے کی تحریک میں ہمارے خاندان پر 111 جھوٹے مقدمات بنائے گئے لیکن ہمارے خاندان نے جھکنا نہیں سیکھا، یہی وجہ ہے کہ ہمارا خاندان آج بھی ان کے اس مشن کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے اور سیاست کے اندر رواداری اور خدمت کو فروغ دے رہا ہے۔