• news

کراچی: ایف آئی اے کا فلیٹ پر چھاپہ 15 کروڑ کا سونا‘ غیر ملکی کرنسی برآمد 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر واقع ایک فلیٹ پر چھاپا مار کر 13 کلو سونا برآمد کرلیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کے مطابق چھاپا گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مارا گیا، کارروائی میں آدھا کلو سے زائد چاندی بھی برآمد ہوئی ہے۔ منیر شیخ کے مطابق فلیٹ سے سونا اور چاندی کے ساتھ امریکی ڈالرز سمیت دیگر ممالک کی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مزید کہا کہ کارروائی کے دوران 15کروڑ روپے سے زائد کی برآمدگی کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ملزم کو 2 روز قبل حوالہ اور ہنڈی میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا، جس سے 18ہزار امریکی ڈالرز اور 10 لاکھ پاکستانی روپے برآمدہوئے تھے۔ منیر شیخ نے یہ بھی کہا کہ ملزم کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے حوالہ ہنڈی کا بڑا ریکارڈ ملا تھا اور یہ کارروائی بھی اسی کی نشاندہی پر کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن