حکمران قادیانیوں کی سرپرستی سے باز نہ آئے تو عوام زیادہ برداشت نہیں کرینگے: سراج الحق
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میں سپیشلائزیشن کررکھی ہے۔اس حکومت نے دکاندار و خریدار ،ریڑھی چھابڑی والے ،تانگے اور رکشہ والے ،مزدور اور کسان سب کو پریشان کردیا ہے۔غریب کیلئے زندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے۔کماتے غریب ہیں اور کھاتے جاگیردار اور سرمایہ دار ہیں۔یہ جاگیر دار اور سرمایہ دار ہر حکومت میںشامل ہوتے ہیں ،عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر اپنے گرد انہی لوگوں کو جمع کرلیا جنہوں نے ملک و قوم کو اس حال تک پہنچایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میںتحریک تبدیلی ٔ نظام پارٹی کے صدر چوہدر محمد توصیف کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ،پنجاب وسطی کے امیر جاوید قصوری ،چوہدری محمد توصیف اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے چوہدری محمد توصیف اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارک باد دی اور انہیں جماعت اسلامی کے کلمہ والے پرچم کا نشان دیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہحکمران قادیانیوں کی حمایت اور سرپرستی سے باز نہ آئے تو عوام انہیں زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔جماعت اسلامی ملک میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ چوہدری محمد توصیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی کوئی ظلم ہوتا ہے جماعت اسلامی کے امیر اور کارکن مظلوموں کا ساتھ دینے کیلئے وہاں پہنچتے ہیں جس سے متاثر ہوکر میں جماعت اسلامی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ میں آج عہد کرتا ہوں کہ ظلم و جبر کے اس نظام کو تبدیل کرنے کیلئے سینیٹر سراج الحق کے کندھے سے کندھے ملا کر چلوں گا اور میرے کارکن جماعت اسلامی کی دعوت کو گھر گھر پہنچانے میں ہر جگہ قدم بقدم جماعت اسلامی کے ساتھ ہونگے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے چوہدری توصیف کی جماعت اسلامی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد توصیف ملک و قوم کا درد رکھنے والے نوجوان سیاسی قائد ہیں۔ اس ملک کے اندر عام آدمی کے تحفظ ،عزت اور انصاف کیلئے ایک منصفانہ نظام کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔