• news

فیروز والہ ٹھیکیدار‘ وزیر آباد نوجوان‘ ساہیوال میں 5افراد کی خود کشی 

فیروز والہ/ ساہیوال/ وزیر آباد (نامہ نگاران+  نمائندگان) ضلع ساہیوال میں گھریلو تنازعات پر تین  لڑ کیوں، دو نوجوانوں  نے زہر پی کر خود کشی کر لی۔ چک 54۔ فور۔ آر کے غلام فرید کی25سالہ بیوی کلثوم نے خاوند سے جھگڑ کر کالا پتھر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ بنگلہ گو گیرہ کے محمد رمضان کی 20سالہ بیٹی زاہدہ نے مر ضی کے خلاف منگنی طے ہونے پر کالا پتھر پی کر جان دی۔ کوٹ خادم علی شاہ کے محمد سلیم کی 14سالہ بیٹی میراں نے والدین سے جھگڑ کر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ شام کالونی اوکاڑہ سے مہمان آئے ہوئے کریم کے 30سالہ بیٹے نوید احمد نے والدین سے جھگڑ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گو لیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ چک52۔بارہ۔ایل کے غلام حیدر کے18سالہ بیٹے سلیمان حیدر نے گھریلو مسئلہ پر والدین سے جھگڑ کر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ کلثوم، زاہدہ، میراں، نوید احمد اور سلیمان حیدر کو بے ہوشی کی حالت میں ڈ ویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں پانچوں نے دم توڑ دیا۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق 32 سالہ نوجوان نے درخت سے لٹک کر خود کشی کر لی۔ نواحی گاؤں منچر چٹھہ کے رہائشی عدنان حسین چٹھہ کی نعش اس کے مچھلی فارم میں جامن کے درخت سے لٹکی ہوئی تھی خود کشی گھریلو مسائل کا شاخسانہ بتایا گیا ہے۔ فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق امامیہ کالونی میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر ٹھیکیدار ارشد نے زہریلی گولیاں کھاکر خود کشی کر لی۔ فیروز والہ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن