مسلم لیگ ن کا اجلاس‘ نواز شریف‘ لیگی رہنماؤں کی سوچ میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر زور
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت نے پارٹی کے قائد نواز شریف کے تازہ ترین ’’بیانیہ‘‘سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد کیا۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے آل پارٹیز کانفرنس میں کئے جانے والے فیصلوں کی روشنی میں آگے بڑھنے کا لائحہ عمل تیار کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں پارٹی کے رہنمائوں نے قبل ازوقت میاں نواز شریف کی تقریر کے اقتباسات سے لاعلمی کا اظہار کیا اورکہا کہ ہمیں اس بارے میں کچھ علم نہیں کہ نواز شریف کی تقریر کس نے لکھی ہے۔ جب کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بتایا کہ انہوں نے نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے تقریر نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے تقریر کی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نیب کی طرف دائر کئے گئے مقدمات میں ملوث رہنمائوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں ان کا گھیرا تنگ کر دیا جائے گا۔ پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے رابطوں کو مستحکم کرنے پر اتفاق رائے کیا اور روزمرہ کی بنیاد پر رہنمائی حاصل کرنے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور پاکستان میں مسلم لیگی رہنمائوں کی سوچ میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان میں پارٹی کو کام کرنے میں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا انہیں دور کیا جائے گا۔ پارٹی کو منظم کرنے کے لئے انتظامی ڈھانچے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ ضلعی اور ڈویژنل سطح پر پارٹی کے کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت کو پارٹی کی کسی کمزوری کا احساس نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جب کہ پارٹی رہنما اسی جوش و جذبہ سے حکومت کی کمزوریوں اور نالائقیوں کو اجاگر کرتے رہیں جس طرح وہ پہلے کرتے رہے ہیں۔