• news

نواز شریف کی تقریر قانون کے مطابق،مسلم لیگ، پی پی تیار ، وقت آیا تو استعفیٰ میں دیر نہیں ہوگی: شہباز شریف

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری گرفتاری ہوئی تو اس کا سامنا کرونگا۔ نواز شریف کی اے پی سی کے تقریر آئین و قانون کے مطابق ہے۔ میرے قائد نے تقریر میں کوئی ایسی بات نہیں کی جو آئین سے متصادم ہو۔ سینئر صحافیوں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ آج تک مفاہمت سے کوئی ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا، عوام کی خدمت سے سیاسی جماعتوں کی عزت بڑھے گی۔ نظام تب طاقتور ہوگا جب سیاسی جماعتیں عوام کی خدمت کریں گی۔ ہزاروں آرٹیکل 6 لے آئیں عوامی خدمت کرنے تک نظام مضبوط نہیں ہو گا۔ بھٹو کو پھانسی ہوئی میرے مقدمات کی اس مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں۔ ہمیں اپنی تاریخ سے سبق سیکھنا چاہئے۔ مجھ پر مفاہمتی سیاست کا الزام لگاتے ہیں۔ بتائیں اب تک کیا ذاتی مفاد لیا؟ حکومت کو جتنا وقت دینا تھا دے چکے مزید وقت نہیں دیں گے۔ عمران خان مجھے ہر صورت گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔ اے پی سی کے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد ہو گا۔ فضل الرحمنٰ بزرگ سیاستدان ہیں اس لئے انہیں قیادت سونپی۔ بہت ہو گیا حکومت کو اب ایک منٹ بھی نہیں دیں گے۔ وقت آ گیا ہے کہ حکومت کو بے نقاب کیا جائے۔ ہمارے منصوبوں میں شفافیت ہے۔ دھیلے کی کرپشن نہیں ہوئی۔ نواز شریف نے کبھی محاذ آرائی کی بات نہیں کی۔ 100 فیصد یقین سے کہہ سکتا ہوں عمران خان مجھے گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے کہ آئندہ الیکشن شفاف ہونا چاہئیں۔ الیکشن میں مداخلت نہ ہو اس ایجنڈے کی تکمیل تک نئے الیکشن نہیں ہونے چاہئیں۔ مسلم لیگ ن اور پی پی دونوں تیار ہیں وقت آیا تو مستعفی ہونے میں دیر نہیں لگائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن