• news

شیخ رشید کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا: احسن اقبال‘ رانا ثناء نے وزیر ریلوے سے 10 سوال پوچھ لئے

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ون پارٹی سٹیٹ نہیں بننے دیں گے۔ پاکستان کو سنگین خطرات کا سامنا ہے، بدگمانی پھیلانے والے شرانگیزی سے کام لے رہے ہیں۔  4 سالوں میں مسلم لیگ ن حکومت نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی بنائی، ہمارے دور میں ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا، لیکن آج بدقسمتی سے ہم معاشی عدم استحکام کا شکار ہو گئے ہیں۔  مسلم لیگ ن نے دہشت گردی کی جنگ جیتنے کے لیے عسکری قوتوں کو وسائل فراہم کیے۔  آج قومی اسمبلی میں اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا، سندھ میں پیپلز پارٹی، کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت واپس آ گئی، لیکن پنجاب میں مسلم لیگ ن کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف نیب گردی کی انتہا کر دی گئی، شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش نیب گردی نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔ گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو انتخابات کا اعلان ہو گیا ہے، حکومت من پسند افراد کو لانے کے لیے اپوزیشن کے ہاتھ پاؤں باندھنا چاہتی ہے، حکومت گلگت بلتستان کے الیکشن میں پری پول دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔ حکومت مسلم لیگ ن کی مقبولیت دیکھتے ہوئے شہباز شریف کو گرفتار کرنا چاہتی ہے لیکن شہباز شریف کو گرفتار کرنا سیاسی بدقسمتی ہو گی۔ بدقسمتی سے پوری ملکی تاریخ میں عوام کو ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، پنجاب کے ساتھ وسیم اکرم پلس حکومت کی صورت میں پنجاب سے انتقام لیا جا رہا ہے۔  اگر ہمیں ہائبرڈ وار جیتنی ہے تو فوج عوام کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیت سکتی۔ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ ہم اے پی سی کی قیادت کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے، پی ڈی ایم کو فعال کرنے کے لیے قیادت کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کے ن لیگ پر الزامات سے متعلق سوال پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا، آپ بھی انہیں سنجیدہ نہ لیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ میری آرمی چیف کے ساتھ ون آن ون ملاقات نہیں ہوئی، پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات میں گلگت بلتستان ایشو پر بات ہوئی۔ وزراء نے گلگت بلتستان کی میٹنگ کو سیاست کے لیے استعمال کیا، اور قومی اداروں کو مشکلات میں ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ حکومت کا اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کا ایجنڈا ناکام ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ ن مشرف کے مارشل لاء کا سامنا کر چکی اسے کوئی توڑ سکتا ہے نہ کمزور کر سکتا ہے۔ نواز شریف کا ہر لفظ‘ ہر جملہ پارٹی کیلئے مقدم ہے۔ دوسری جانب رانا ثناء اﷲ نے شیخ رشید کے دس سوالات کے جواب میں دس سوالات اٹھا دیئے۔ رانا ثناء اﷲ نے بیان میں کہا ہے کہ شیخ رشید آئین‘ قانون اور جمہوریت کے غدار ہیں۔ نواز شریف کے ایک ایک لفظ کی سچائی شیخ رشید ہر روز ثابت کر رہے ہیں۔ عمران نیازی نے ہر دور میں اداروں کو متنازعہ بنایا۔ شیخ رشید کے باس نے مودی کی الیکشن مہم چلائی کہا گیا تھا مودی کے جیتنے سے کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ عمران نیازی کا ’’چپڑاسی‘‘ فوج کو سیاست میں گھسیٹ کر خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔ منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کی اور کون امپائر کی انگلی کا انتظار کر رہا تھا؟ 2019 ء کے دھرنے کی فنڈنگ کس نے کی؟ یہ فنڈنگ کہاں سے آئی؟ کیا دھرنے میں پولیس کے سر پھاڑنے‘ سول نافرمانی کی کال‘ بجلی بل جلانے کا پلان‘ جیمز گولڈ سمتھ کے گھربنا ؟ مودی کی الیکشن کمپین کون کر رہا تھا؟ بی جے پی کی ایک خاتون رکن سے پیسے کس نے لئے؟ 23 فارن فنڈنگ بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے کس نے اور کہاں سے فنڈنگ کی؟ جوہری دھماکوں کے وقت ملک سے بھاگ جانے والا ٹارزن کون تھا؟ مشرف کے ریفرنڈم میں مال کس نے کمایا؟ کشمیریوں کے نام پر پیسے کمانے والا غدار کون ہے؟ کشمیر کا سودا کیوں اور کیسے کیا؟ کلبھوشن کا سہولت کار کون ہے؟ کون وکالت کر رہا ہے؟ قونصلر سروس کون فراہم کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن