اسامہ سے کتنی ملاقاتیں ، بھارت کو اجمل قصاب کا پتہ کس نے دیا، شیخ رشید کے نواز شریف سے 10سوال
لاہور +اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) وزیر ریلوے شیخ رشید نے سابق وزیراعظم نواز شریف نے 10 سوال پوچھ لئے ہیں۔ انہوں نے کہا 31 دسمبر تک سب ٹائیں ٹائیں فش ہو جائے گا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کسی صورت استعفے نہیں دے گی۔شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف سے سوال کیا کہ دشمن ملک کے سربراہ مودی کو ملک سے باہر فون کیوں کرتے تھے ؟ کیا وہ پاکستان سے کال کرنے میں خطرہ سمجھتے تھے؟ بھارت کو اجمل قصاب کا پتہ اور ڈیٹا کس نے فراہم کیا ؟ سپریم کورٹ پر حملہ کس نے کرایا ؟ سابق چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملہ کرنے کیلئے لاہور سے بسیں کیوں بھیجیں ؟ 2013 کے الیکشن میں کتنا خرچہ کیا ؟6- قطر سے الیکشن کے لیے آپ کو کتنے پیسے ملے تھے۔ اسامہ بن لادن سے کتنا چندہ وصول کیا کتنی ملاقاتیں کیں، ڈان لیکس کے پیچھے کون تھا ، آج اعتراف کیا تو پہلے انکار کیوں کیا ؟ بینظیر بھٹو کی کردار کشی کیلئے حسین حقانی کے دستخط سے خط کس نے جاری کیا ؟ لندن سے نیب پر پتھراؤ کی منصوبہ بندی کتنے دنوں میں ہوئی؟10- آپ ووٹ کی بات کرتے ہیں، کورٹ کی بات کیوں نہیں کرتے؟ جب کورٹ طلب کرتی ہے تو بیمار بن جاتے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا آج نواز شریف کیلئے 10 سوال چھوڑ کر جا رہا ہوں، امید ہے پیر تک جواب مل جائیں گے، یہ قومی ایشوز پر ملاقات کرتے ہیں اور ذاتی ایجنڈے پر بات کرتے ہیں، قومی اداروں کیخلاف بولنے کیلئے ایک گھنٹہ تقریر کرسکتے ہیں، عدالت طلب کرتی ہے تو بہانہ بنایا جاتا ہے کہ طبیعت ٹھیک نہیں۔ کسی شخص نے میری بات پر یہ نہیں کہا میں غلط کہہ رہا ہوں، میں کسی سے ہدایات لیکر بات نہیں کرتا، کسی ادارے کا ترجمان نہیں ہوں، میں آرمی چیف سے ملاقات کروں تو میرے لیے اعزاز کی بات ہے، خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتا، دن میں ملتا ہوں اور خوشی سے ملاقات کرتا ہوں۔ میں ایک نہیں کئی ایک ملاقاتوں کی بات کرتا ہوں کئی بار ان کی ملاقات لمبی ہو جاتی تھی تو مجھے گاڑی میں ہی بیٹھنا پڑتا تھا ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اب تو خدشہ ہے کہ (ن) لیگ سے شین کے بجائے طوطا لیگ نہ نکل آئے جہانگیر ترین سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ وہ کیس سے نہیں بچ سکتے۔ نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس سے بھارت کے اثر ورسوخ کے حامل ایجنٹ انفلیوئنس ایجنٹ کے طور پر خطاب کیا میں پاک فوج کا جانباز ہوں میں ان سب لوگوں سے بہت سینئر ہوں یہ سب مجھ سے جونیئر ہیں یہ مجھے مشورہ نہیں دیتے میں انہیں مشورہ دیتا ہوں۔ فضل الرحمان سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں نے ان کے بیٹے کو یہ پیغام دیا کہ اپنے والد کو کہا کہ اس ملک میں شیعہ سنی اتحاد پیدا کرنا ان کے فرائض میں ہے یہ نہ ہو کہ 8 اکتوبر کو کوئی ایسا فساد ہوا تو یہ لوگ روند دیئے جائیں گے اور ساری عمر پچھتائیں گے یہ لوگ ساری قوم کو تقسیم کئے ہوئے ہیں میں پورے پاکستان کو کہتا ہوں کہ ملک کی سالمیت اور فوج کے خلاف بات کرنے والوں کو ڈنڈے مارو چینی او رآٹے سمیت گیارہ چیزوں کے مہنگے ہونے کو تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے یہ بات عمران خان سے بھی کہی تھی کہ اور میں چینی اور آٹے پر سبسڈی کراؤں گا۔