عمران خان نے ملک کی نمائندگی کا حق اداکردیا:عبدالعلیم
لاہور (نیوز رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم عمران خان کا خطاب قومی امنگوں کا بھرپور ترجمان اور موجودہ تقاضوں کا آئینہ دار ہے جس کی جس قدر بھی تعریف کی جائے کم ہے۔اپنے تبصرے میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ہے،انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بہادرانہ انداز میں آواز اٹھائی ہے اور بلا شبہ عمران خان ایک عالمی لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اہم قومی امور پر پاکستان کا موقف بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے جس سے بھارت کو ایک مرتبہ پھر سخت سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ دوسری طرف ترکی، چین اور دیگرملکوں کی پاکستان کے لئے سپورٹ خوش آئند ہے۔ عمران خان کی سٹیٹس مین شپ کے سب ہی معترف دکھائی دیتے ہیں ۔اور وہ گلوبل لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر ہورہا ہے اور اب ترقی یافتہ بھی ہمارے موقف کو اہمیت دیتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنے خطاب میں عمران خان نے ملکی اور بین الاقوامی مسائل کا احسن انداز میں احاطہ کیا ہے۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ملکوں کے ایشوز کو بھی اجاگر کیا ہے۔