چمن: انسداد پولیو ورکرز پر فائرنگ لیوی اہلکار زخمی ،مہم غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
چمن(صباح نیوز)چمن کے علاقے کلی حسن ٹھیکیدار میں نامعلوم افراد کی انسداد پولیو ورکرز پر فائرنگ سے سیکیورٹی پر مامور لیوی اہل کار زخمی ہوگیا۔اسسٹنٹ کمشنر چمن ذکااللہ درانی کے مطابق پولیو ورکرز پر فائرنگ کا واقعہ اتوار کو پیش آیا۔ حملے میں انسداد پولیو ورکرز محفوظ رہے۔اسسٹنٹ کمشنرنے کہا کہ نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے انسداد پولیو مہم میں کام کرنے والے خواتین پولیو ورکرز پر اس وقت فائرنگ کی گئی، جب وہ پولیو مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلا رہی تھیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے سب سے پہلے فائرنگ خواتین پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات لیویز اہلکار پر کی اور اسے نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ملزمان نے خواتین پولیو ٹیم پر بھی فائرنگ کی، تاہم وہ گھر کے اندر چھپ گئیں اور محفوظ رہیں۔زخمی لیویز اہلکار کی شناخت محمد صادق کے نام سے کی گئی ہے، جسے ابتدائی طبی امداد کیلئے سول ہسپتا ل چمن اور بعد ازاں کوئٹہ منتقل کیا گیا۔