• news

عثمان بزدار نے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹیاں بنادیں

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر ٹورازم پنجاب ایپ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ٹورازم پنجاب ایپ کا آغاز کیا اور ڈی ٹی ایس سسٹم کی ایپ کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ 511سیاحتی مقامات کے بارے میں تمام معلومات پنجاب ٹور ازم ایپ کے ذریعے مہیا کی گئی ہیں۔ ایپ کے ذریعے شہری سیاحت سے متعلقہ معلومات اور خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ ایپ کے ذریعے سیاحتی مقام کا روٹ بھی معلوم ہو سکے گا۔ شہری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب سے متعلقہ سہولتوں سے آن لائن استفادہ کریں گے۔ ٹی ڈی سی پی کے ہوٹلوں کی بکنگ بھی آن لائن کرائی جا سکے گی۔ شہری گوگل پلے سٹور پر جا کر موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ڈی ٹی ایس سسٹم ایپ ٹورسٹ آپریٹرز کے لئے متعارف کرائی گئی ہے۔ ٹورسٹ آپریٹر ز اب آن لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ ٹورسٹ آپریٹرزکے امور کو آٹو میٹڈ کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ای پیمنٹ کی سہولت بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کے عوام کے لئے ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہی حقیقی انقلاب ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب  کی ہدایت پر صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزراء  کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ خصوصی کمیٹیاں پالیسی، بجٹ، اہداف، اقدامات اورکارکردگی سے متعلق امور کا جائزہ لیں گی۔ کمیٹیاں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور بہترین سروس ڈلیوری کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیں گی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر کی سربراہی میں کمیٹی 5 محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ خصوصی کمیٹی محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ سکولز ایجوکیشن، محکمہ ہائر ایجوکیشن، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ او رمحکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کاجائزہ لے گی۔ کمیٹی پولیس، ہوم ڈیپارٹمنٹ، جیل خانہ جات، محکمہ پراسیکیوشن، محکمہ قانون، محکمہ سوشل ویلفیئرو بیت المال او ر محکمہ کوآپریٹو کے امور کاجائزہ لے گی۔ صوبائی وزیرصنعت کی سربراہی میں قائم کمیٹی 5 محکموں کا پرفارمنس آڈٹ کرے گی۔ کمیٹی محکمہ صنعت، کامرس، سرمایہ کاری اینڈ سکل ڈویلپمنٹ، محکمہ مائنز اینڈ منرل، محکمہ لیبر اورانسانی وسائل کے امو ر کا جائزہ لے گی۔ صوبائی وزیرخزانہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئر نگ اور بورڈ آف ریونیوکے امور کاجائزہ لے گی۔ کمیٹی محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن، محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس، محکمہ ٹورازم اینڈ آرکیالوجی او رمحکمہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ صوبائی وزیر زراعت کی سربراہی میں کمیٹی محکمہ زراعت، محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، محکمہ آبپاشی او رمحکمہ جنگلات، وائلڈ لائف اینڈفشریزکے امور کا جائزہ لے گی۔ وزیراعلی پنجاب نے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر اہتمام شالامار باغ میں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد  کیا گیا۔ جس میں وزیراعلیٰ  پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے شالامار باغ کے تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور شالامار باغ کے مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے ہیرٹیج مقابلے میں بہترین تصویروں پر فوٹو گرافرز میں انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پنجاب کی روایتی  پگ پہنائی۔

ای پیپر-دی نیشن