• news

بھارتی درندگی، مزید 2نوجوان شہید: عمران ہمارے وکیل، مودی نے قراردادیں روندیں ، خطاب مسترد کرتے ہیں: کشمیری رہنما

سرینگر (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی+ کے پی آئی) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے اسلام آباد اور کپواڑہ اضلاع سے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ ریاستی دہشتگردی میں مزید نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو محاصروں اور تلاشی کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے منڈیگام کرالہ گنڈ سے گرفتار نوجوان کی شناخت عقیل احمد پرے سے ہوئی ہے۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے کاپرن ڈورو میں گرفتار نوجوان کی شناخت طالب بٹ کے نام سے ہوئی۔ بھارتی پولیس نے طالب کو ایک عسکریت پسند قرار دیا ہے۔ سرینگر سے کے پی آئی کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین سید علی گیلانی  کی تقریر سننے کے الزام میں 73 سالہ کشمیری  پر بغاوت کا  مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ محمد یوسف مکرو  پر الزام ہے کہ انہوں نے 2011 میں  ایک جنارے میں شرکت کی تھی جس سے سید علی گیلانی نے خطاب کیا تھا۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی اور اسلامی تنظم آزادی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی فورم پر جموں وکشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھا کر کشمیریوں کا بہی خواہ اور محسن ہونے کا حق ادا کیا ہے۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش اور اسلای تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے الگ الگ بیانات میںکہا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی امنگوں اور آرزوؤں کی صحیح ترجمانی کی اورعالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جنرل اسمبلی سے نریندر مودی کے خطاب کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ میں نریندر مودی کا خطاب عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ مودی کے خطاب کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ مودی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پائوں تلے روند رہا ہے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی ہے۔ اور کہا عمران خان نے کشمیریوں کا وکیل ہونے کا حق ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن