گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ ، کشمیر کاز سے جڑا، حکومت شفاف انتخابات میں رکاوٹ نہ بنے : شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر مسلم لیگ (ن) و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فسطائی اور آمرانہ رویے کو دیکھتے ہوئے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اے پی سی کے نمائندہ اجلاس میں منظور کردہ قرارداد اور فیصلوں کی پاسداری کریں گے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کریں۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے انتخابی اصلاحات کے لیے بلایا گیا اجلاس مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ اور کشمیر کاز سے جڑا ہے۔ موجودہ حکومت اسے اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے، اور گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے۔ سپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کرے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے قومی مفاد میں اپوزیشن کے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری اور اپنی سیاسی ڈرامہ بازی کے لئے استعمال کیا۔ حکومتی رویے کو دیکھتے ہوئے گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔