چین کو بھارت کے ممکنہ حملے کیلئے تیار رہنا چاہئے: گلوبل ٹائمز
بیجنگ (بی بی سی) بھارت اور چین کے درمیان سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لئے فوجی اور سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں لیکن دونوں ہی ممالک کے میڈیا میں اس موضوع پر متضاد بیان شائع ہو رہے ہیں۔ چینی حکومت کے زیر اثر اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انڈیا کی جانب سے چلنے والی گولی کے 'خوفناک نتائج' ہوں گے۔ اخبار نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ سرحد پر انڈیا کی جانب سے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ اور انہیں چین کے ساتھ کسی جھڑپ میں گولی چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کریگا اور انڈیا کے لیے بھی اس کے خوفناک نتائج ہوں گے۔ اخبار کے مطابق چینی ماہرین کا خیال ہے کہ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے، چین کو انڈیا کی چال دیکھ کر سرحد پر چوکنا ہو جانا چاہیے اور کسی ممکنہ فوجی حملے کے لیے تیار رہنا چاہیے، کیوں کہ مستقبل میں سرحد پر ایسے حالات عام ہونے والے ہیں۔ گلوبل ٹائمز اخبار میں یہ سب انڈین اخبار 'دی ہندو' میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ دی ہندو کی اس رپورٹ میں لکھا تھا کہ انڈیا نے چین کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر پیپلز لبریشن آرمی کے فوجی آگے بڑھیں گے تو انڈین فوجی ان پر گولی چلا سکتے ہیں۔ اخبار کے مطابق ایک اعلیٰ انڈین اہلکار نے اخبار سے یہ بات کہی تھی۔ انڈین اہلکار نے کہا تھا کہ 'اب ہم نے چین کو بتا دیا ہے کہ اگر آپ ہمارے نزدیک آئیں گے تو ہم گولی چلائیں گے۔ فوجیوں کو بھی ذاتی حفاظت کے لیے گولی چلانے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ ایک انڈین اہلکار کا کہنا ہے کہ انڈیا سرحد پر اپنی مضبوط موجودگی برقرار رکھے گا۔