منی لانڈرنگ پر ایف اے ٹی ایف بھارت گرے لسٹ میں ڈالے : ایوان ہائے صنعت و تجارت
اسلام آباد (اے پی پی) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) 44بھارتی بینکوں کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی تحقیقات تک بھارت کو گرے لسٹ میں شامل کرے۔ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) بزنس مین پینل نے ایف اے ٹی ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے 44بینکوں کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے حوالہ سے تحقیقات کی تکمیل تک بھارت کو گرے لسٹ میں شامل کیا جائے۔ بھارتی بینکوں نے 3ہزار سے زیادہ ٹرانزیکشنز کے ذریعے 1.53ارب ڈالر سے زیادہ کی منی لانڈرنگ کی ہے۔ ایف بی سی سی آئی کے سینئر رکن اور بزنس مین پینل کے فیڈرل سیکرٹری جنرل چوہدری احمد جواد نے اتوار کو ’’ اے پی پی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ بھارت نے ہمیشہ بے بنیاد پراپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کیلئے ہمیشہ مشکلات پیدا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ عالمی برداری منی لانڈرنگ میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے کیونکہ پاکستان کو اس حوالہ سے شدید تشویش ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ لانڈر کی گئی رقم پاکستان کے خلاف استعمال ہو۔ احمد جواد نے کہا کہ انٹر نیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلزم (آئی سی آئی جے) نے امریکی بینکوں کی مشتبہ ٹرانزیکشنز (ایس اے آر) کی رپورٹ سے لئے گئے اعدادو شمار میں کہا ہے کہ 44بھارتی بینک جن میں نجی اور سرکاری بینک شامل ہیں ، منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی تجاویز اور رولز کی بنیاد پر بھارت کے خلاف بھی اقدامات کئے جائیں۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری احمد جواد نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان میں عدم استحکام کے اقدامات میں ملوث رہا ہے اور اس حوالہ سے پاکستان میں جرائم پیشہ گروہوں کی باقاعدگی سے سرپرستی کرتا آیا ہے جس کا ایک حالیہ ثبوت کلبھوشن یادیو کا اعتراف جرم ہے۔ وزیر اعظم عمران کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا خطاب انتہائی مفصل اور مدلل تھا۔