اے پی سی کے تحت حکومت مخالف تحریک میں شامل ہوں گے:ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار )مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ اے پی سی میں نواز شریف کی تقریر پر تنقید کرنے والے یہ بتائیں کہ انہوں نے کون سی بات غلط کہی ہے؟ لیکن ہم نے اپنے سیاسی تعصب میں کہنا شروع کردیا کہ نواز شریف نے ہندوستان کی زبان بولی ہے۔آل پارٹیز کا نفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں چلنے والی تحریک میں شامل ہوں گے۔اس امر کا اظہار انہوں نے اہل حدیث یوتھ فورس پنجاب کے زیر اہتمام مرکز اہل حدیث راوی روڈ میں منعقدہ تحفظ شعائر اسلام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں اہل حدیث یوتھ فورس پنجاب نے’’تحفظ اقدار اسلام تحریک‘‘ چلانے کا اعلان کیا۔مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں صرف محمد عربی ؐ کا قانون چلے گا۔ناموس رسالت ؐ اور ناموس صحابہ ؓ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔عالمی طاقتیں اپنے مفادات کی خاطر وطن عزیز کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہیں مگر ہم ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا ئیں گے۔حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا کہ اہل حدیث نوجوان اور اسلام کی سربلندی اور دفاع وطن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کریں گے۔حافظ سلمان اعظم نے کہا کہ ملک میں دینی اقدا ر کو لادینی اقدامات کے ذریعے مسخ کیا جارہا ہے ہم دینی اقدار کا تحفظ کریں گے اس مقصد کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تحفظ اقدار اسلام تحریک چلا ئی جاے گی۔ حافظ عامر صدیقی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے منی لانڈرنگ اور خطے میں دہشتگردوں کی مالی معاونت کے انکشاف نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔امن دشمن بھارت دہشت گردوں کا سہولت کار اور منی لانڈرنگ کرنے والا بڑا ملک ہے، اس میں مودی سرکار کی چوری پکڑی گئی۔ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کے بعد یواین او سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ بھارت کو عالمی دہشت گرد قراردے۔ حافظ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ ناموس رسالتؐ اور ناموس صحابہؓ کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔