اپوزیشن استعفے دیگی تو وزیراعظم کا بھی نیا الیکشن ہو گا: احسن اقبال
اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے استعفے دیئے تو وزیراعظم کا بھی نیا الیکشن ہوگا۔ وزیراعظم نہیں بلکہ الیکشن کمیشن انتخابات کرائے۔ انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ جس نے بھی تین مارشلائوں کے بعد چوتھے مارشل لا کا سوچا تو وہ ملک کا دشمن ہوگا، بچا کھچا پاکستان چوتھے مارشل لا کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کو جمہوریت اور قائداعظم کے راستے پر چلانے سے ہی ترقی کر سکتا ہے، پاکستان کے استحکام اور مضبوطی کا ایک ہی راستہ ہے وہ آئین کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اپوزیشن استعفے دے گی تو وزیر اعظم نہیں بلکہ الیکشن کمیشن انتخابات کروائے گی، اگر اپوزیشن نے استعفے دیئے تو وزیراعظم کا بھی نیا الیکشن ہوگا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ لوٹوں کو قبول کرنا عوام کے سیاسی شعور کی توہین ہے، ہر الیکشن میں وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو پارٹی میں نہ لیاجائے، الیکشن کے سیاسی موسمی پرندوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں کوئی نظریاتی اختلاف نہیں ہے۔ نواز شریف کے بیانیے کو پارٹی اون کرتی ہے ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہر کسی کو رائے دینے کا اختیار ہے لیکن پارٹی کے فیصلے پر تمام لوگ عمل کرتے ہیں۔