سعودی عرب: کرونا میں بہترین کارکردگی ،پاکستانی ڈاکٹر کیلئے لیڈرشپ اعزاز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کی وزارت صحت نے کرونا وبا کے دوران مملکت میں بہترین کارکردگی دکھانے پر سعودی قومی دن کے موقع پر پاکستانی ڈاکٹر شہزاد احمد ممتاز کو بہترین لیڈر شپ کے اعزاز سے نوازا اور تعریفی اسناد پیش کیں۔ عرب میڈیا کے مطابق پاکستانی ڈاکٹر شہزاد احمد ممتاز کنگ سلمان ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ کے انچارج اور کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری COVID-19 کے خلاف جنگ لڑنے والی طبی ٹیم کی بھی سربراہی کر رہے ہیں۔ وبائی مرض کے خلاف ڈاکٹر شہزاد کی ٹیم نے کارہائے نمایاں خدمت انجام دیتے ہوئے ہسپتال میں کرونا سے بڑھتی ہوئی شرح اموات کو ختم کردیا اور ہسپتال کو پہلا کرونا سے پاک ہسپتال بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے لیہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شہزاد احمد ممتاز 18 سال قبل سعودی عرب پہنچے تھے اور مختلف ہسپتالوں میں اہم ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کنگ ہسپتال میں آئی سی یو انچارج کے عہدے پر فائز ہوئے۔