فواد چودھری کی ملاقات‘ قومی اداروں پر تنقید کرنیوالوں کو قوم معاف نہیں کریگی: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو قوم معاف نہیں کریگی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے کسی احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ گورنر چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملاقات کی جس میں سیاسی و حکومتی امور سمیت دیگر ایشوزکے بارے میں بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرورکا کہنا تھا کہ حکومت اور افواج پاکستان سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، حکومتی ایجنڈا ترقی اور خوشحالی ہے، سیاسی مخالفین انتشار چاہتے ہیں، عمران خان بطور وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری کرینگے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن احتسابی عمل کو بریک لگوانا چاہتی ہے مگر ایسا نہیں ہوگا، شفاف اور بلاتفریق احتساب ملک وقوم کے لیے لازم ہو چکا ہے، ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کا اپوزیشن کا منصوبہ ناکام ہوگا، ملکی دفاع کو یقینی بنانیوالی افواج پاکستان پر قوم کو فخر ہے، اقوام متحدہ میں عمران خان نے کشمیریوں کا بھرپور مقدمہ لڑا ہے، فلسطینی عوام پر اسرائیلی دہشت گرد مسلسل بڑھ رہی ہے، دنیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر وفلسطین کو حل کرنا ہوگا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن پھر ناکام ہوگی۔ حکومت کمزور طبقات کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ فواد چو ہدری نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں 2سو ایکڑ پر مشتمل میڈیکل آلات بنانے کیلئے انڈسٹریل زون قائم کر دیا۔ فواد چودھری نے ٹویٹر پر پیغام میں بتایا کہ فیصل آباد میں میڈیکل انڈسٹریل زون کے قیام سے ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کے میڈیکل آلات کی درآمدات میں کمی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائلسزمشینیں، ہارٹ اسٹنٹ، ایکسرے مشینیں اور کینولاز پاکستان میں بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلا میڈیکل انڈسٹریل زون سیالکوٹ میں قائم کیا جائے گا۔