ارب پتی ٹرمپ نے 15 میں سے 10 برس کوئی ٹیکس نہیں دیا: نیویارک ٹائمز
واشنگٹن (اے پی پی+ بی بی سی) نیویارک ٹائمز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ ارب پتی ہونے کے باوجود انہوں نے گذشتہ 15میں سے دس سال کے دوران کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا اور 2016 میں امریکہ کے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے سال انہوں نے صرف 750 ڈالر ٹیکس ادا کیا۔ نیویارک ٹائمز کی یہ رپورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت جو پہلے ہی ان کے حریف جو بائیڈن کے مقابلے میں کم ہے، شدید منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔ ٹرمپ نے کاروبار میں خسارے کو ٹیکس نہ دینے کا جواز بتایا ہے۔ ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز کی طرف سے عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ قرار دیا ہے۔ اخبار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے گذشتہ دو عشروں کے دوران ادا کئے گئے ٹیکس کے اعداد و شمار کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ صدر نے ٹیکس ادا کرنے کے بعد 72.9 ملین ڈالر کا ریفنڈ لیا۔ امریکی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنمائوں نے نیویارک ٹائمز کی یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ سپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ رویہ ملازم پیشہ امریکی گھرانوں کی توہین ہے۔