میگا منی لانڈرنگ کیس: زرداری، فریال تالپور دیگرپر فرد جرم عائد سابق صدر نے ریفرنسز کا ٹرائل ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد (صباح نیوز) احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت14 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی۔ جبکہ سابق صدر سمیت دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے استغاثہ کے 3 گواہ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور پارک لین ریفرنس میں فرد جرم موخر کرتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسزکا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ احتساب عدالت نے پارک لین، میگا منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز پر سماعت کی۔ زرداری، فریال تالپور اور عبدالغنی مجید، حسین لوائی سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے، آصفہ بھٹو بھی ساتھ تھیں۔ انور مجید ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوسکے۔ احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس د یئے کہ حاضری کے لیے دستخط کے ساتھ انہیں الزامات کی فرد جرم بھی دے دیں اور جو ملزم دیگر 2 ریفرنسز میں نامزد نہیں وہ جاسکتے ہیں۔ عدالت کی ہدایت پر آصف زرداری اور فریال تالپور کو چارج شیٹ پڑھنے کے لیے دی گئی۔ ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکلا کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی، جبکہ فریال تالپور کو فرد جرم عائد ہونے کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی۔ آئندہ سماعت پر عدالت نے احسن اسلم، محمد عاطف اور منظور حسین کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ احتساب عدالت نے ملزم شیر علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور 5 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔