• news

سی پیک اتھارٹی نے وزارتوں، غیرملکی کمپنیوں کے مابین رکاوٹوں کو دور کر دیا: عاصم سلیم باجوہ

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک اتھارٹی نے مقامی وزارتوں اور غیرملکی کمپنیوں کے مابین مواصلاتی رکاوٹوں کو دورکردیا ہے۔ گلوبل ویلج اسپیس کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ سی پیک منصوبے پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے دائرہ کار میں ہیں جبکہ اتھارٹی خود منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بناتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک اتھارٹی سی پیک کے متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کے سوالات کا ایک ونڈو حل ہے، مزید برآں اتھارٹی نے مقامی وزارتوں اور غیر ملکی کمپنیوں کے مابین ہم آہنگی کو یقینی بنایا ہے۔ خصوصی اقتصادی علاقے کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجوزہ زونز برآمدات، درآمدی متبادل اور ملازمت کے مواقع میں اضافے کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور ان اقتصادی علاقوں کو کامیاب بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن