کالعدم تنظیموں کیخلاف بھرپور کارروائی کی پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کیلئے رپورٹ بنا لی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر عمل کی رپورٹ بھیج دی جائیگی جبکہ اکتوبر میں پاکستان کا معاملہ ایف اے ٹی ایف کی پلنیری میں زیر غور آئے گا۔ فروری2020 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 27سفارشات میں سے14پر مکمل کمپلائنٹ قرار دیا تھا جبکہ باقی امور پر عمل درآمد مختلف درجوں پر تھا۔ کرونا کی وجہ سے پاکستان کو اکتوبر تک کا وقت بھی دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی، پاکستان نے ہنڈی اور حوالہ کیساتھ زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے کرنسی سمگلنگ کی موثر روک تھام کی۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی۔ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنڈنگ سے متعلق مقدمات کی سماعت کا طریقہ کار بھی طے کرلیا گیا۔ایف اے ٹی ایف کو بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے نامزد افراد کو سزائیں بھی دی گئی ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر کے دہشتگردوں کی فنڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا، مدارس اصلاحات بھی کر دی گئی ہیں۔