مردان: بم دھماکے میں باپ، دو بیٹیوں سمیت 4 افراد جاں بحق
مردان + نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) مردان میں بم دھماکے سے دو کمسن بیٹیوں اور باپ سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے میں 2 پولیس اہلکاروں سے 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔ نوشہرہ میں مارٹر گولے پھٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مردان میں بم دھماکے میں دو کمسن بیٹیوں اور باپ سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مردان میں کاروباری مرکز 'جج بازار' میں سائیکل پر نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے 2 پولیس ہلکار سمیت 18 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ دھماکے کے نزدیک موجود پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا اور خدشہ ہے کہ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں عارف اوراس کی دو کم سن بیٹیاں ایمان اور اریبہ شامل ہیں۔ جبکہ ایک شخص کی شناخت ثاقب علی کے نام ہوئی۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں دو پولیس اہلکار امیتاز اکبر اور حماد بھی زخمی ہوئے۔ ہسپتال میں زیر علاج زخمی ہونے والے افراد کی شناخت جواد، روزی خان، عادل، بختیارعلی، عبدالرؤف، محمد آباد، یاسین، روزامین، بلال، عبدالودود، عبدالرحمان، واحد، کاشف، محسن، واحد او راشد سے ہوئی۔ نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ کے کیمپ کورونہ میں پرانے مارٹر گولے پھٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او نوشہرہ کیپٹن (ر) انجم الحسنین کے مطابق ایک کباڑی دریا کے کنارے سے پرانے مارٹر گولے اٹھا کر اپنی دکان پر لے آیا تھا جن کے دھماکے کے ساتھ پھٹنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ زخموں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔