• news

مسلح افواج‘ ایجنسیوں سے ملاقاتوں پر پابندی‘ پارٹی رہنماؤں کیلئے نواز شریف کا ہدایت نامہ جاری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)  مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی مسلح افواج اور ایجنسیوں سے ملاقاتوں پر پابندی لگا دی۔ سابق وزیراعظم  کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کیلئے بھیجا گیا ہدایات نامہ پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے جاری کیا۔ جس کے مطابق  ملاقات ذاتی، سرکاری یا کسی بھی نوعیت کی نہیں ہوگی۔ ملاقاتیں اچھی نیت سے بھی کی جائیں تو بھی ان سے تنازعات جنم لیتے ہیں۔ قومی سلامتی اور آئینی ذمہ داریوں سے متعلق ملاقات ضروری ہو تو نواز شریف کی منظوری سے کی جائیگی۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں نواز شریف نے پارٹی ارکان کی عسکری قیادت اور خفیہ ایجنسی کے نمائندوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ انہیں قیادت کی طرف  سے فوجی قیادت سے ملاقاتوں  سے متعلق پارٹی پالیسیوں کو پہنچانے کی ہدایت کی گئی تھی۔  مسلم لیگ (ن)  کا پختہ خیال  ہے کہ اس طرح کی ملاقاتیں اگرچہ نیک نیتی سے کی جاتی ہیں‘ غیرضروری تنازعات کا سبب بن سکتی ہیں۔ ہم سب جانتے  ہیں کہ مخصوص مفادات کی پیش کش اور سیاسی رہنماؤں کو بدنام کرنے کے لئے ایسی ملاقاتوں کے مندرجات  کو منتخب طور پر لیک  کی جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن