• news

قومی ٹی ٹونٹی کپ آج سے ملتان میں شروع، ٹرافی کی تقریب رونمائی

ملتان ‘لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا پہلا ایونٹ قومی ٹی ٹونٹی کپ آج سے ملتان میں شروع ہوگا۔  آج سے 6 اکتوبر تک پہلے مرحلے  میںروزانہ دو میچ ہونگے ‘پہلا میچ دن سہ پہر تین بجے جبکہ دوسرارات ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کا پہلا میچ ناردرن اور کے پی کے کی ٹیموں کے درمیان تین بجے جبکہ سنٹرل اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں شام سات بجے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہو نگی۔ایونٹ کا دوسر امرحلہ 9 سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں ہو گا۔ چھ ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ ناردرن کی ٹیم  اعزاز کا دفاع کریگی۔ افتتاحی مقابلہ دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبر پی کے کے درمیان ہو گا۔ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ۔ناردرن کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ ٹیم ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہے اورعماد وسیم کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز ہے۔  ہر کھلاڑی سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے کہا کہ  اس مرتبہ  ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم کی بجائے فاتح کہلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔سندھ کے کپتان سرفراز احمدنے کہاکہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ بہت مشکل ہے۔ ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو یکطرفہ طور پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شرجیل خان سے شاندار کارکردگی کی امید ہے۔خیبرپی کے کے کپتان محمد رضوان نے کہاکہ جارحانہ حکمت عملی ٹیم کی پہچان، تمام ٹیمیں بہترین لیکن ہماری ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہر ٹیم دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیگی لہٰذا  ٹیم ایونٹ میں بہتر کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے کیونکہ ڈبل لیگ پر مشتمل ایونٹ میں جو ٹیم لیٹ موممنٹم حاصل کرتی ہے وہ حیران کن نتائج دے سکتی ہے۔ ہمارے پاس بڑے نام نہیں مگر بہترین کارکردگی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سنٹرل پنجاب کے نائب کپتان سعد نسیم نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں خصوصاَ انڈر 19 کے ٹاپ پرفارمرز کی شمولیت سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔ سکواڈ میں بہترین آل راؤنڈرز سمیت سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبی نیشن ہے۔ کامران اکمل اور عابد علی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں سمیت نسیم شاہ ، رضوان حسین اور قاسم اکرم سے بھی ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

ای پیپر-دی نیشن