سربراہ بحریہ، فرسٹ لانگ کورس کے شرکا ء کی ملاقات: فوجی افسروں کا کردار قابل تعریف: جنرل باجوہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فرسٹ لانگ کورس کے شرکاء سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات آرمی چیف نے ان سینئر افسران کے بطور رہنما، کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ ملاقات کرنے والے افسران نے پاکستان کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بالعموم اور ملک کی مسلح افواج کو لاحق چیلنجوں کے بارے میں بالخصوص اپنے خیالات سے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گزشتہ روز جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شاندار کیریئر کے دوران قوم کیلئے ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر انہیں یادگار شہداء پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔