• news

پٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل2.40 روپے سستا ایل پی جی ، یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء مزید مہنگی

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگارخصوصی + کامرس رپورٹر+نیوز رپورٹر) حکومت نے پٹرول کی قیمت برقرار رکھتے ہوئے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کی ہے۔ جس کا اطلاق 15 اکتوبر تک کے لیے ہو گا۔ دوسری طرف یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا خورونوش کی قیمتوں کی بریک فیل ہو گئی ہیں۔ گھی اور کوکنگ آئل سمیت مختلف اشیاء مہنگی ہو گئی ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹور پر قیمتوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی سستی اشیا دستیاب نہیں۔ نئی قیمتوں کے تحت  گھی 33 روپے فی کلو اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ٹوتھ برش 14 سے لیکر 35 روپے مہنگا کردیا گیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ اسی طرح یوٹیلٹی سٹورز پر سوپ سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔ ٹوٹھ پیسٹ کی قیمت میں 5 سے لیکر 20 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ مہنگی ہونے والی دیگر اشیا میں کاجو 200 گرام 24 سے لیکر 47 روپے، ریڈ چلی پاؤڈر 73 روپے، ملک چاکلیٹ کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ اور شیونگ کریم 20 روپے تک مہنگی کردی گئی۔ ایل پی جی کی قیمت میں 3 روپے کلو اضافہ کر دیا گیا، فی کلو ایل پی جی کی قیمت 120 روپے تک پہنچ گئی۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ گھریلو سلینڈر کی قیمت 1382 سے بڑھ کر 1416 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت ایل پی جی کی درآمد پر عائد ٹیکسز میں کمی کرے۔ آئندہ سردی سیزن میں سوئی گیس کی طلب و رسد میں بڑھتے ہوئے فرق کو دیکھتے ہوئے اگر وافر مقدار میں ایل پی جی کی درآمد کے سودے نہیں کیے گئے تو مائع گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اوگرا نے  نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اضافہ کے بعد اوگرا نے ماہ اکتوبر کیلئے نئی قیمتیں جاری کر دیں۔ اب  ایل پی جی117روپے فی کلو کی جگہ 120روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 1382روپے کی جگہ 1416روپے اور کمرشل سلنڈر 5319 روپے کی جگہ 5449 روپے، پیداواری قیمت 60460 کی جگہ 62915 روپے ملک بھر میں دستیاب ہو گی۔ عالمی مارکیٹ میں CP $358  سے بڑھ کر$379 تک پہنچ گئی۔ اس سال تقریباً 420,000  لوکل پروڈکشن اور تقریبا 260,000 میٹرک ٹن ایل پی جی امپورٹ ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن