بزرگ شہریوں کا عالمی دن آج دنیا بھر میں تقریبات ہونگی
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم اکتوبر کو بزرگ شہریوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد عوام الناس میں بزرگ شہریوں کے مسائل اور حقوق کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور ان کی معاشرے کیلئے خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات منعقد ہونگی جن میں بزرگ شہریوں کے احترام، دیکھ بھال، علاج معالجے اور پنشن کے حصول میں آسانی کے علاوہ 21ویںصدی میں بڑھتی ہوئی عمروں کے چیلنجز اور موجود قوانین کے اطلاق پر زور دیا جائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں60سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔ 2050ء تک یہ تعداد بڑھ کر 33 کروڑ 4 لاکھ ہوجائے گی۔ نوائے وقت سے گفتگو میں محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے اولڈ ہوم ’’ عافیت ‘‘ میں مقیم بزرگوںعفت بی بی، روبینہ مہر اور ریحانہ بی بی نے بتایا کہ زندگی کی تمام رونقیں ایک طرف اور کسی ادارے میں زندگی کی تنہائی ایک طرف، یہاں سب کچھ میسر ہے مگر اپنوں سے دوری اور ان کی بے اعتنائی خون کے آنسو رلاتی ہے۔ انسانی حقوق کی رہنما بشریٰ خالق نے کہاکہ معاشرے میں بزرگ شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کی رہنما ربیعہ طارق نے کہاکہ اسلام نے بزرگوںکے احترام اور حقوق کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے اگر ان اصولوں پر عمل پیرا ہوں تو کوئی بزرگ مشکل کا شکار نہ ہو بلکہ معاشرہ انکی دعا برکت سے مستفید ہو۔