سندھ ہائیکورٹ: کرپٹو کرنسی پر پابندی کی تفصیلات طلب‘ اجازت نہ دینے پر اظہار برہمی
کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان میں کرپٹو کرنسی پر پابندی کے تفصیلات طلب کر لیں۔بدھ کو ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو پر پابندی سے متعلق درخواست پر جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے سماعت کی ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ دور حاضر میں ڈیجیٹل کرنسی جیسی جدید ٹیکنالوجی سے فوائد کیوں نہیں لیے جارہے؟عدالت نے کرپٹو کرنسی کی اجازت نہ دینے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ دنیا جدید ٹیکنالوجی میں بہت آگے چلی گئی ہے اور ہم وہیں کھڑے ہیں۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی چل رہی ہے پاکستان میں کیوں بند ہے؟ وکیل اسٹیٹ بینک نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان میں کرپٹو کرنسی پر پابندی نہیں ہے، بس اسے ریگولر نہیں کیا گیا۔عدالت نے کرپٹو کرنسی سے متعلق بین الاقوامی قوانین طلب کر لیے ہیں۔ ہائی کورٹ نے5 نومبر کو وفاقی حکومت، اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے سے بھی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔