• news

امجد خان نیازی کو نیول چیف بنانے کی باضابطہ منظوری دیدی گئی 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا  باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ بحریہ کے پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان نے وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر تعیناتی اور ایڈمرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر ایڈمرل کے عہدے پر فائز ہو جائیں گے۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی07 اکتوبر 2020 کو ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جگہ پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالیں گے۔ اس ضمن میں تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آبادمیں منعقدکی جائیگی۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور ابتدائی تربیت کے اختتام پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔  اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کی کمانڈ تقرریوں میں دو Type-21 جہاز پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کی کمانڈ،  اٹھارہویں ڈسٹرائر سکواڈرن  کے کمانڈر، کمانڈانٹ پی این ایس بہادر، کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج / کمانڈر سینٹرل پنجاب، کمانڈر پاکستان فلیٹ اورکمانڈر کراچی شامل ہیں۔انکی اہم اسٹاف تقرریوں میں چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ہیڈ آف F-22P مشن چائنہ، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس شامل ہیں۔ آپ اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف سٹاف (آپریشنز) کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ آپ نے چین میں Beijing University of Aeronautics and Astronautics سےUnderwater Acoustics میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔  انکی اعلیٰ خدمات کے  اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز(ملٹری) اور ستارہ بسالت کے اعزاز سے  نوازا گیا ہے۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو حکومتِ فرانس کی جانب سے فرانسیسی میڈل Chevalier (Knight) سے بھی نوازا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن