کرونا: مزید 16 اموات: ڈی سی میرپور خاص سمیت سندھ میں 13 جان سے گئے
اسلام آباد، کراچی،گوجرانوالہ(خصوصی نمائندہ + نمائندہ خصوصی) پاکستان میں کرونا کے مجموعی کیسز3 لاکھ 12 ہزار 806 ہے، جس میں سے 2 لاکھ 97 ہزار 497 صحتیاب ہوئے جبکہ 6 ہزار 484 کا انتقال ہوا ہے۔ یکم اکتوبرکو ملک میں مزید597 مریضوں اور 15 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 616 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔ فعال کیسز8825 ہو گئے۔ ان کیسز میں بلوچستان کے 24 جبکہ خیبر پی کے کے 35 کیسز گزشتہ کے تھے جو آج رپورٹ ہوئے جبکہ دونوں صوبوں میں ایک، ایک موت کا اضافہ بھی ہوا۔ صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 101 مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 235 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 30 افراد متاثر ہو گئے، گلگت بلتستان میں 9 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ آزاد کشمیر میں 33 نئے مریض سامنے آئے۔ ملک میں24 گھنٹوں میں 616 مریض شفایاب ہوگئے۔ مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 497 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں کوویڈ 19 کی نئی لہر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 افراد انتقال کرگئے ہیں اور اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2512 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 361 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پورے سندھ میں ایک لاکھ 37 ہزار 467 افراد میں کرونا کی تشخیص کی جا چکی ہے۔ 24 گھنٹوں میں مزید 158 مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔ کرونا سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 510 ہوگئی ہے جو کہ 95 فیصد بحالی کی شرح کو ظاہر کرتی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کہ سندھ میں کوویڈ 19 کی نئی لہر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 مریض اس وبا سے انتقال کرگئے جس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2512 ہوگئی ہے۔ شہرقائد کے مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز سامنے آگئی۔ ضلع وسطی اور شرقی کے ڈی ایچ اوز نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو فہرست بھجوا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون سے متعلق موصول ہونے والی فہرست اور خط میں کہا گیا ہے کہ ضلع وسطی کے 4 علاقوں میں کرونا کے 46کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلع وسطی میں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ اور لیاقت آباد شامل ہیں۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ضلع شرقی کے علاقوں سے بھی کرونا کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ضلع شرقی میں گلشن اقبال، یوسی 14 اور یوسی 6 شامل ہے۔ اس کے علاوہ جمشید ٹائون، یوسی7، یوسی10، الخلیج ٹاور اور المصطفیٰ کے علاقے بھی ضلع شرقی کا حصہ ہیں جہاں پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی کے 6اضلاع میں کرونا ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر ندیم شیخ کے مطابق ضلع جنوبی کے 24مقامات، ضلع ملیر کے 41مقامات اور ضلع غربی کے 2مقامات کرونا ہاٹ سپاٹ ہیں۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ کرونا کیسز کے باعث سکولوں کو دوبارہ بند کرنے کی باتیں محض افواہ ہیں۔ سندھ حکومت مسلسل سکولوں کی نگرانی کر رہی ہے۔ خراب صورتحال ہونے پر حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ نواب شاہ میں چیمبر آف کامرس کی تقریب حلف برداری کے موقع پر سعید غنی نے کہا کہ کرونا وائرس بڑھنے پر لاک ڈائون کا آپشن موجود ہے۔ سیاسی معاملات سے متعلق پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ملکی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔ گیس کا بحران بڑھتا جارہا ہے، انڈسٹریز بری طرح متاثر ہیں جبکہ مہنگائی بھی عروج پر ہے۔ دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ امریکہ میں متاثرین کی تعداد 74 لاکھ 47 ہزار جبکہ بھارت میں 63 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کر گئی۔پاکستان میں کرونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے اور 60 فیصد نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے ہیں جس پر شہر بھر کے درجنوں ریسٹورنٹس اور دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیرعلاج ڈاکٹر دوست محمد کرونا سے وفات پا گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیرعلاج ڈاکٹر دوست محمد کرونا سے وفات پا گئے۔ ڈاکٹر دوست محمد دوران ڈیوٹی کرونا کا شکار ہوئے تھے۔ دو ماہ سے وہ زیرعلاج تھے۔ ڈپٹی کمشنر میرپور خاص زاہد میمن کرونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کر گئے۔ مرحوم نجی ہسپتال میں زیرعلاج اور وینٹی لیٹر پر تھے۔ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سردیوں کے موسم میں ملک میں کرونا کے انفیکشن میں اضافہ ہوگا اور اس وقت ہمارا سب کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ انجیلا مرکل نے جرمن پارلیمان سے خطا ب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ہم ملک میں ایسے حالات دوبارہ پیدا ہونے نہیں دے سکتے کہ ہسپتال میں کوئی شخص اکیلے مرنے پر مجبور ہو اور اس کے عزیز و اقارب اسے دیکھ بھی نہ پائیں۔ جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہم سب اپنی معمول کی زندگی چاہتے ہیں اور سب سے بڑھ کر نوجوان ایسا چاہتے ہیں لیکن اس وقت وہ سب کچھ دائو پر لگا ہوا ہے جو ہم نے گزشتہ مہینوں میں حاصل کیا ہے۔ 15 ستمبر کے بعد سے مخصوص تعلیمی اداروں میں کرونا سیمپلنگ کی جارہی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں اب تک 11797 طلبہ کے سیمپل لئے گئے ہیں جن میں سے 104 طلبہ میں کرونا کی تشخیص سامنے آئی ہے۔ 7052 کے ٹیسٹ نیگٹو اور 4141 کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ سب سے زیادہ ضلع گوجرانوالہ میں 68 طلبہ میں کرونا کی تشخیص سامنے آئی ہے۔