• news

پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح، 30 ارب کے قرضے، 16 لاکھ سے زائد لوگوں کو کام ملے گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی سردار عثمان بزدارنے تاریخ کی روزگار فراہم کرنے کی سب سے بڑی سکیم کا افتتاح کر دیا۔ عثمان بزدار نے پنجاب روزگار سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب  میںکہا کہ پنجاب روزگارسکیم کے تحت 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے اور اس سکیم سے  16 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار ملے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت روزگار کی فراہمی کے وعدوں کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ روزگار سکیم کے ذریعے لاکھوں نوجوان معاشی طورپر خود مختار ہوںگے اور پنجاب روز گار سکیم سے فائدہ اٹھا کر ہنر مند نوجوان دوسروں کو بھی روزگار فراہم کرنے کے قابل ہوںگے۔ عمران خان کے ویژن کے تحت پنجاب روزگار سکیم کے اجراء کا مقصد پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ نوجوان ہی نہیں بلکہ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کے مالکان بھی اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیںگے۔ کرونا وائر س کے دوران معاشی طورپر مشکلات کا سامنا کرنے والے تاجروں اورکاروباری حضرات اپنے بزنس کو بحال کر سکیںگے اور آگے بڑھائیں گے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور بنک آف پنجاب کے اشتراک سے ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے انتہائی کم شرح سود پر فراہم کیے جائیںگے۔ قرضے کی واپسی کی شرائط بھی آسان ہوں گی۔ پنجاب روزگار سکیم سے 20سے 50سال تک کے مرد حضرات، خواتین اورخواجہ سراء بھی مستفید ہوسکیںگے اور اس سکیم میں سپیشل افراد کو بھی شامل کررہے ہیں۔ یونیورسٹی گریجوایٹ، بزنس ایکسپرٹس، ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ یافتہ حضرات، ماحول دوست کاروبار، دستکار، ہنرمندافراد اس قرضہ سکیم سے فائدہ اٹھا کراپنے بزنس کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ ٹیکسٹائل کے 26سب سیکٹرز سمیت 23 مختلف شعبوں کے 339سب سیکٹرزکیلئے کاروبار، تجارت اور مینوفیکچرنگ کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیںگے۔ ان قرضوں سے خاص طورپر کاٹیج انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ PSIC، بنک آف پنجاب کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست گزار پنجاب روزگار ایپ کے ذریعے بھی اپلائی  کرسکتے ہیں۔ نوجوانوں کو نوکریاں تلاش کرنے کی بجائے دوسروں کو ملازمتیں دینے کے قابل بنا رہے ہیں۔  سب سے بڑا سرمایہ ہنر ہے اور ہم ہنر کو سرمایہ کاری میں بدلنے کا عزم رکھتے ہیں۔ وزیر صنعت اسلم اقبال نے کہا کہ سابق دور میں  میٹرو بنائی گئی لیکن غریب آدمی کو کوئی نہیں سنی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کو با اختیار کر کے معیشت کو مضبوط کریں گے -پنجاب روز گار سکیم ایک گیم چینجر ثابت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن