بورڈ کی ناقص حکمت عملی سے پی ایس ایل خطرے میں ہے : نعمان بٹ
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ بورڈ انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان سپرلیگ کا مستقبل بھی خطرے میں ہے۔ پی ایس ایل فرنچائز مالکان اس حد تک تنگ آ چکے ہیں کہ انہیں عدالت سے رجوع کرنا پڑا ہے۔ محکمہ جاتی کرکٹ کے خاتمے کے بعد پاکستان سپرلیگ ہی نوجوانوں کی امیدوں کا مرکز ہے لیکن پی سی بی حکام کے غلط فیصلوں کی وجہ سے یہ کامیاب ایونٹ بھی خطرات میں گِھرا ہوا ہے۔ کرکٹ بورڈ منافع کماتا رہے، آفیشلز لاکھوں ماہانہ تنخواہیں وصول کرتے رہیں اور لیگ پر کروڑوں خرچ والے فرنچائز مالکان ہر سال خسارے میں ہیں۔ کرکٹ بورڈ اب تک ان کے جائز مطالبات پورے کرنے اور شکایات دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پی ایس ایل کامیاب بنانے میں نجم سیٹھی اور ٹیم کا کردار اہم رہا ہے۔ موجودہ انتظامیہ نے سب کی محنت پر پانی پھیر دیا ہے۔