خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے: ایمل ولی
پشاور(آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ جائیگی۔ تبدیلی سرکار نے نئی قانون سازی کی، اے این پی سمیت پوری اپوزیشن نے اسکی مخالفت کی۔ آج ہم چیلنج کرتے ہیں کہ اسی قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات جلد سے جلد کرائے جائیں۔ پی ٹی آئی اس قانون کے آڑ میں راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ باچا خان مرکز پشاور میں پاکستان مسلم لیگ ق کے صوبائی سینئر نائب صدر ڈاکٹر ملک شوکت علی کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے لیکن اپوزیشن میں موجود جماعتوں کی نیتوں پر عوامی حقوق کی جنگ کا فیصلہ ہوگا۔ گذشتہ دو سال کے دوران بڑی سیاسی جماعتوں کا کردار قابل اعتماد نہیں رہا ہے۔ اگر اپوزیشن سنجیدہ ہیں تو نوازشریف سمیت تمام اپوزیشن قائدین کو پاکستان آکر عوامی جنگ لڑنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف جنگ میں سب سے پہلے پارلیمنٹ سے استعفے دیے جائیں۔ اگر اپوزیشن کی جانب سے یہ سنجیدگی دکھائی گئی تو سلیکٹرز بھی عمران خان کو نہیں بچا سکتے۔ اگر پھر پلان کی بات ہوتی ہے، جلسہ جلوس سے آگے نہیں جاتے تو اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں۔ اے این پی ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی مخالف جماعت رہی ہے اور جو بھی اسٹیبلشمنٹ کا حصہ رہے ہیں، اے این پی انکے خلاف رہی ہے۔ آج انکو اپنے کردار کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا کہ اسٹیبلشمنٹ کی ہر مداخلت کے خلاف یہ جماعتیں کھڑی رہے گی۔