• news

شہباز شریف نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر میں کام روکا‘ اب دوبارہ شروع ہوا : پرویز الٰہی

لاہور (لیڈی رپورٹر) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بچوں کے حقوق، ان کے استحصال سے بچائو اور بیورو کی کارکردگی کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ شہباز شریف کے دس برسوں کے دور حکومت میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کام رک گیا اور خراب ہو گیا تھا۔ اب سارہ احمد کی سربراہی میں یہ کام دوبارہ شروع ہوا ہے تو بہتری آئی۔ انہوں نے کہا بچوں کو گریجوایٹ تک تعلیم دینے اور فراغت کے بعد ملازمت کے بندوبست کی ضرورت ہے۔ اکثر سڑکوں پر چھوٹے بچوں کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھتا تھا تو بہت دکھ ہوتا تھا۔  خواہش تھی اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ان بچوں کیلئے کچھ کروں گا۔ پرویزالٰہی نے بتایا جب وہ وزیراعلیٰ بنے تو ان بچوں کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا ادارہ بنایا۔ 14 ایسے گینگ پکڑے جو بچوں سے زبردستی بھیک منگواتے تھے۔ یونیسف نے بھی ہماری اس کاوش کو سراہا ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا  پرویزالٰہی کے قائم کیے ہوئے اس ادارے کو شہبازشریف نے بری طرح تباہ کر دیا تھا۔چودھری پرویزالٰہی کے ویژن کو لے کر آگے بڑھا رہی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن