کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت کی قاری محمد حنیف جالندھری سے ملاقات
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری سے کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے مجلس عمل کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی کی قیادت میں ملاقات کی جس میں مولانا زاہد الراشدی، عبداللطیف خالد چیمہ ،قاری جمیل الرحمن اختر ،میا ں محمد اویس شامل تھے ،وفد نے ملتان میںکامیاب ترین عظمت صحابہ و اہل بیت اطہار ریلی و کانفرنس پر قاری محمد حنیف جالندھری کو مبارک باد پیش کی اور 18اکتوبر کو ناصر باغ لاہور میں ہونے والی عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں قبول کر لی او رکہا کہ اگر میں بیرون ملک سفر پر نہ ہوا تو کانفرنس میںضرورشرکت کروں گا اس موقع پر انہوں نے کل جماعتی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے مشترکہ جد جہد کو سراہا اور کہاکہ ہماری جد و جہد کسی مکتب فکر کے خلاف نہیں بلکہ گستاخان صحابہ و اہل بیت کی زبان درازی ،بد کلامی کو روکنا ہمارا دینی و قومی اور قانونی فریضہ ہے اور ہم آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنی جد و جہد استوار کریں گے ۔کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت پاکستان کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی نے اس موقع پر بتایا کہ دیوبندی بریلوی اہل حدیث اہل سنت کے تمام مکاتب فکر مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر متحد و متفق ہو چکے ہیں اور ہم آنے والے دنوں میں ملک گیر سطح پر عظمت صحابہ کے حوالے سے پروگرام کریںگے۔