• news

چیچہ وطنی: معمولی تنازعہ پر 3 بھائیوں سمیت 4 قتل

چیچہ وطنی (نامہ نگار) دو گروپوں میں معمولی تنازعہ پر مسلح تصادم، فائرنگ کے نتیجہ میں تین سگے بھائیوں سمیت 4 افراد قتل جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس، آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیل کے مطابق چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 110 بارہ ایل کے رہائشی آصف بنٹو، رانا اصغر، رانا وسیم عرف چھیما اپنے ساتھیوں کے ہمراہ معمولی تنازعہ پر مسلح ہو کر چک 108/12-L میںچوہدری ثاقب جٹ کے گھر میں داخل ہو ئے۔ دونوں اطراف سے فائرنگ شروع ہو گئی جس کے نتیجہ میں تین سگے بھائی آصف بنٹو، رانا اصغر، رانا وسیم عرف چھیما موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ثاقب جٹ اور رانا علی شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی پہنچایاگیا لیکن رانا برادری کے افراد نے ہسپتال پہنچ کر زخمی ثاقب پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ جبکہ رانا علی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال ریفر کر دیا۔ پولیس تھانہ صدر نے نواحی گاؤں 108 بارہ ایل میں ریڈ کر کے 8 افراد کو جبکہ نواحی گاؤں 110/12-L میں ریڈ کر کے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ساہیوال امیر تیمور بزدارجائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرٹ پر تفتیش کر کے ذمہ داران  کو سخت قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ دریں اثناء ایک اور واقعہ میں تین دوستوں نے نامعلوم ساتھی کے ہمراہ  اپنے ہی دوست کو فائرمار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بلاک نمبر 11 کے رہائشی شہباز حسین کمبوہ  نے رپورٹ درج کرائی  ہے کہ رات 9 بجے میں اپنے ماموں زاد بھائی حسن سردار کمبوہ  کے ہمراہ  چوک میں بیٹھا ہوا تھا کہ حسن عبدالرزاق جنید رامے ارتضیٰ  نامعلوم ساتھی کے ہمراہ کار پر آئے اور حسن سردار کو اپنے ساتھ لے گئے۔ کافی دیر گزرنے پر حسن سردار واپس نہ آیا تو تلاش  میں نکلے جی ٹی روڈ پر کار کی روشنی میں دیکھا کہ تینوں دوست حسن سردار کے ساتھ گتھم گتھا ہو رہے تھے۔ اسی  دوران حسن رزاق نے پسٹل سے حسن سردار پر فائر کیا جو اس کے سر کے دائیں جانب لگا  اور آر پار ہو گیا۔ ملزم فرار ہو گئے۔  پولیس تھانہ صدر  نے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقتول حسن سردار کمبوہ سابق وائس چیئرمین بلدیہ چیچہ وطنی چوہدری افتخار احمد کمبوہ المعروف پپو کمبوہ مرحوم کے صاحبزادے ضلعی چیئرمین عشر زکوۃ کمیٹی چوہدری عمران احمد کمبوہ کے چچا زاد بھائی  تھے۔ مقتول کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن