حیم یارخان:ماں کپاس چنتی رہی‘2کمسن بیٹیاں نہر میں ڈوب کر جاں بحق
رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) ماں کپاس کی چنائی میں مصروف رہی ، ہیڈ کے نزدیک کھیلنے والی بیٹیاں نہر میں جاگریں ، دونوں جاں بحق ، تین روز قبل ڈوب کر ہلاک ہونیوالے نوجوان کی نعش نہر سے برآمد ، ورثاء کے حوالے کردی گئی ، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ہیڈ گلشن فرید کی رہائشی حقیقی بہنیں چار سالہ مہوش اور تین سالہ عائشہ جو اپنی والدہ کے ہمراہ گھر سے کپاس کی چنائی کیلئے آئی تھیں ، والدہ کھیتوں سے کپاس کی چنائی کر کے ٹریکٹر ٹرالی پر لوڈ کرنے میں مصروف رہی کہ اسی دوران ہیڈ فرید کے نزدیک کھیلنے والی دونوں بہنیں نہر میں گر کر ڈوب گئیں ۔ ریسکیو عملہ نے بروقت سرچ آپریشن کے بعد دونوں بہنوں کی نعشیں نہر سے نکال کر تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردیں ۔ جبکہ تین روز قبل دوستوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے چک 111 پی شرقی کا رہائشی 20 سالہ عمران اشرف دوستوں کے ہمراہ جاتے ہوئے نہر صادق برانچ میں گر کر ڈوب گیا تھا جس کی نعش کی تلاش کیلئے دو روز سے آپریشن کیا جارہا تھا گزشتہ روز نوجوان اشرف کی نعش موضع کاچھا کے نزدیک نہر صادق برانچ سے برآمد ہوگئی جسے تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔