• news

کراچی یکجہتی ریلی: حکومت کے پائوں اکھڑ چکے، گرتی دیواروں کو دھکادینے جائینگے: پیپلزپارٹی

کراچی (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی والوں نے بلاول کو ووٹ دیا تو بلاول کراچی کو بدل دیں گے۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کررہے تھے۔ نثار کھوڑو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ٹارگٹ کلرز کی جماعت نہیں، پیپلز پارٹی نے بدلے کی سیاست کے بجائے کراچی میں امن کا بیڑا اٹھایا ہے، کراچی میں امن سندھ حکومت نے بحال کیا، دہشت گردی اور خوف کے راج کا خاتمہ ہوا تو ہر کوئی کراچی کے مینڈیٹ کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے لگا، کراچی کو لندن کے بعد اب بنی گالا سے چلانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ نفرت کی سیاست کرنے والوں نے تین نسلیں تباہ کر دیں۔ کراچی پر قبضہ کرنے کی خواہش کرنے والے یہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ نفرت پھیلانا بند کرو‘ ہم لسانیت اور فرقہ واریت کو نہیں مانتے۔ مہنگائی کے تلے دبے لوگوں کی بحالی ہمارا نصب العین ہے۔ گرتی دیواروں کو دھکا دینے جائیں گے اور بلاول بھٹو کو لائیں گے۔ کہتے ہیں پی پی ختم ہو گئی۔ دیکھ لو ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ لوگ اندرون سندھ سے جیت کر کراچی پر حکومت کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے ایم کیو ایم کے بیانیے کو آگے بڑھانے کی مذمت کرتے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ملک مافیا کے حوالے کر کے حکومت اپوزیشن کے پیچھے پڑ گئی۔ پی ڈی ایم نے حکومت کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ حکومت نے وزراء کو اپوزیشن پر حملوں پر مامور کر دیا ہے۔ حکومتی اطوار بتاتے ہیں کہ ان کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ آٹا‘ چینی مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والی حکومت عوام کا سامنا نہیں کر سکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن