• news

 ایف اے ٹی ایف میں خلاف شریعت باتوں پر علماء کی رائے مدنظر رکھیں گے: نور الحق قادری 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے بل پر جو چیزیں شریعت کے خلاف ہیں ان پر علماء کی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا۔ جامعۃ الرشید کراچی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  دنیا بھر میں مسلم ممالک عالمی سازش کا شکار ہیں۔ دیگر ممالک کی طرح ہمارے ملک میں بھی فرقہ واریت کی سازش رچائی جا رہی ہے۔ ملک کو کمزور کرنے کے لئے لسانی بنیادوں کو ہوا دی جا رہی ہے اور دشمن قوم کو تقسیم کرنے کیلئے سازشیں کر رہا ہے۔ ہمیں اس بیرونی سازش کو ناکام بنانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا سب سے مضبوط رشتہ پاکستانیت کا ہے۔ ہمیں اس اصول کو اپنانا ہوگا، ترقی اور بہتری کے لئے وسیع فکر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بحث و مباحثہ میں بھی ہمیں محبت کی زبان کا استعال کرنا چاہیئے، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔ افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن