• news

پاکستان کی ترقی میں تاجر برادری کا بڑا اہم کردار:  پرویز الہیٰ ‘ مونس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر چودھری قیصر اقبال بریار، سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار، سابق صدر چیمبر ملک محمد اشرف اور سیال ایئرلائن کے وائس چیئرمین میاں احسن نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے قیصر اقبال بریار کو سیالکوٹ چیمبر کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کا ملکی معیشت میں بڑا اہم کردار ہے، کرونا کی وجہ سے پوری دنیا کا معاشی سسٹم تباہ ہوگیا ہے۔ خصوصاً ترقی پذیرممالک اس وبا سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ سیالکوٹ سمیت پورے ملک کے تاجر معیشت کو بحال کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ قیصر اقبال بریار نے چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ اور تاجر تنظیمیں آپ کی مشکور ہیں، بطور وزیراعلیٰ آپ نے سیالکوٹ کی ترقی، ایئرپورٹ اور تاجر طبقہ کیلئے جو کام کیے تھے ان کا فائدہ عوام آج بھی اٹھا رہی ہے، چیمبر کا ہر رکن آپ کیلئے محبت کے جذبات رکھتا ہے، ملک کو جب بھی ضرور پڑی تاجر برادری اپنا مثبت رول ادا کرنے میں پیش پیش ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن