• news

پنجاب: سیوریج کے 63 فیصد نمونے پولیو زدہ‘ بلوچستان میں ایک اور کیس

شیخوپوررہ/ کوئٹہ/ (این این آئی+ بیورو رپورٹ) بلوچستان میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہونے کے بعد روراں سال متاثرہ بچوں کی تعداد 21 ہو گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 9 ماہ کی بچی کے 21 ستمبر کو نمونے بھجوائے گئے تھے۔ نتائج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق پولیو کا شکار بچی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔ دوسری طرف شیخوپورہ  سے این این آئی کے مطابق صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں رواں سال کے دوران اب تک پولیو کے 9 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ پچھلے سال اس عرصہ کے دوران ان کیسوں کی تعداد صرف پانچ تھی۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سیوریج کے 63 فیصد نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ حالانکہ 2019ء کے دوران یہ شرح 38 فیصد تھی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیو ایسے شہروں میں بڑھ رہا ہے جہاں ماضی میں کوئی کیس نہ پایا گیا تھا۔ جن میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور سرگودھا کا علاقہ میانوالی شامل ہے۔ اجلاس میں یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ دو اضلاع جھنگ اور فیصل آباد میں پولیو کی خطرناک قسم سی وی ڈی پی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حالانکہ پولیو کا یہ وائرس پاکستان میں ختم ہوچکا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن