اداروں کیخلاف تقریر: کیپٹن(ر) صفدر کیخلاف گوجرانوالہ میں بغاوت کا مقدمہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) میاں محمد نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماکیپٹن ریٹائر صفدر کیخلاف عوام کواکسانے اور اداروں کے خلاف توہین آمیز الفاظ ادا کرنے پر بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایم پی اے عمران خالد بٹ بھی نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق جمعہ کے روزکیپٹن ر صفدر نے عمران خالد بٹ کی رہائش پر مریم نواز کے 16اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونیوالے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے ضلع بھر سے آئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کے اداروں اور اعلی افسروں کے خلاف لوگوں میں نفرت کے جذبات ابھارے اور جلسہ کی اجازت نہ دینے پر جلسہ کرنے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کو بزور احتجاج ختم کرنے کاکہا جس پر ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف کی سفارش پر ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مدعیت میں کیپٹن ر صفدر اور ایم پی اے عمران خالد بٹ کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔