پروڈکشن کے عمل میں قدرتی گیس نہایت ضروری ہے:میاں طارق
لاہور(کامرس رپورٹر) بڑی برآمدی صنعتوں کے پراڈکشن کے عمل میں قدرتی گیس ایک نہایت ضروری جزو ہے جس کی کمی سے صنعتی پیداوار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا حکومت کیلئے لازمی ہے کہ وہ موسم سرما میں گودا اور کاغذ، دھاتیں، کیمیکلز، پیٹرولیم ریفائننگ، پتھر، شیشے، پلاسٹک، فوڈ پراڈکٹس، پروسیسنگ انڈسٹریز کے لئے گیس کی دستیابی کو یقینی بنائے کیونکہ یہ صنعتیں قدرتی گیس کے کل استعمال کا 80 فیصد سے زیادہ استعمال کرتی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے وفاقی حکومت سے صنعتی شعبے کو کم گیس پریشر اور گیس کی عدم دستیابی کے مسئلے کو حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ صنعت قدرتی گیس کی عدم دستیابی سے بری طرح متاثر ہے لہذا حکام کو صنعتی پہیے کو چلانے کیلئے تمام اقدامات اْٹھانے چاہییں۔ قدرتی گیس صنعت میں دوسری سب سے زیادہ استعمال ہونے والی توانائی ہے اس میں صنعتی استعمال کی ایک بڑی تعداد ہے یعنی ایسی مختلف مصنوعات کیلئے ضروری اجزا ء جس میں اینٹی فریز، کھاد، فارماسیوٹیکل، کپڑے اور پلاسٹک شامل ہیں۔ صنعتی شعبہ قدرتی گیس کا سب سے بڑا صارف ہے۔